علامہ شبلی نعمانی کی یاد میں خصوصی تقریب
گذشتہ ماہ غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب کو ڈیلس میں واقع ’’اردو گھر‘‘ والوں نے علامہ شبلی نعمانی کی شخصیت اور علمی وراثت پر اظہار خیال کے لیے مدعو کیا۔ اس نشست میں حاضرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حسن الیاس صاحب نے علامہ شبلی نعمانی کی دینی، ادبی اور تعلیمی خدمات بیان کرتے ہوئے دبستان شبلی کا تعارف اور اس کی مذہبی اور علمی خدمات کا ذکر کیا۔ مزید برآں، انھوں نے حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے علمی و فکری سوالات کے جواب بھی دیے۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’اجتہاد کیسے کیا جائے گا؟‘‘
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ’’اجتہاد‘‘ کا موضوع زیر بحث ہے۔ جولائی 2025ء میں اس موضوع پر منعقد ہونے والی نشستوں میں غامدی صاحب نے ’’اجتہاد کیسے کیا جائے گا؟‘‘ پر گفتگو کرتے ہوئے اصول اجتہاد بیان کیے۔ انھوں نے اپنے مضمون ’’اصولِ فقہ‘‘کے اہم نکات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ دینی امور میں اجتہاد کرتے وقت ہمیشہ دین کے مقصد، یعنی تزکیہ کو پیش نظر رکھا جائے گا۔ مزید برآں، اپنے تصورِ اجتہاد کے قواعد کی علمی، عقلی اور فکری بنیادوں کو بھی بیان کیا۔ ان نشستوں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
Ask Ghamidi
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’Ask Ghamidi ‘‘ کے عنوان سے جاری سوال و جواب کی آن لائن نشست میں گذشتہ ماہ پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’کیا میاں بیوی کو خاندان میں مساوی اختیار حاصل ہے؟‘‘، ’’نفلی عبادت اور بدعت میں فرق کیسے کیا جائے؟‘‘، ’’شریعت کے حدود میں رہتے ہوئے کس حد تک تصوف کو اختیار کیا جا سکتا ہے؟‘، ‘’’کیا تصوف کا مقصد معرفت الہٰی ہے؟‘‘، ’’کیا جنت بن چکی ہے یا ابھی بننی ہے؟‘‘ اور ’’کیا تاریخ میں واقعۂ کربلا کی کوئی عینی شہادت ملتی ہے؟‘‘ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’زینتوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا حکم‘‘
منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح کیا ہے کہ زینتیں اللہ کی عطا کردہ نعمتیں ہیں، جن کا استعمال ایمان کے منافی نہیں، بلکہ باعثِ شکر ہے۔ سورۂ اعراف کی آیت 32 کی روشنی میں لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے زینتوں کو اپنے بندوں کے لیے پیدا کیا ہے اور ان سے کنارہ کشی کا تصور اسلام کا نہیں، بلکہ باطل اور صوفیانہ افکار کا نتیجہ ہے۔ جنت خود حسن، جمال اور لذتوں کا مرکز ہو گی، جہاں مومنین کے لیے ہر ممکن نعمت و زینت موجود ہو گی۔ مضمون کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ اسلام ترکِ دنیا کا نہیں، بلکہ حدودِ شریعت میں رہ کر دنیا کی نعمتوں سے لطف اندوز ہونے کا دین ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے جولائی 2025ء کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث
جولائی 2025 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ انبیاء کی آیات 45 تا 86 کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں ایمان و اسلام کے منافی چیزوں سے متعلق احادیث کو زیر بحث لاتے ہوئے جن اہم نکات پر گفتگو کی گئی، وہ یہ ہیں: ’’باپ کی نافرمانی کا گناہ‘‘، ’’شوہر کے خلاف بیوی کو بھڑکانے کا گناہ‘‘ ، ’’ریشم، چاندی کا استعمال اور متکبرانہ وضع قطع‘‘ اور ’’تجارت میں دھوکا دہی کی ممانعت‘‘۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
’’ سنڈے اسکول ‘‘میں رجسٹریشن کا آغاز
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام چلنے والے’’سنڈے اسکول‘‘ کا مقصد طلبہ میں قرآن و سنت کی روشنی میں بنیادی اسلامی اقدار کو پروان چڑھانا ہے۔ یہ اسکول گذشتہ نو سال سے سرگرم عمل ہے۔ اس اسکول کے فیکلٹی ممبران کالج اور یونیورسٹی کے وہ طلبہ ہیں جو غامدی سینٹر اور ’’المورد‘‘ کی دعوت سے متاثر ہیں اور اس کے کاموں میں اپنا حصہ ڈالناچاہتے ہیں۔ اسے جناب فرحان سید اور عاطف ساجد صاحب کی زیر نگرانی ’’المورد‘‘ امریکہ کی تعلیمی کمیٹی چلاتی ہے۔ سنڈے اسکول میں رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کلاسز ہفتہ اور اتوار کو صبح 11 بجے (امریکی وقت) اور رات 9 بجے (پاکستانی وقت) سے شروع ہوں گی، پہلا سیشن 16؍ اگست 2025ء کو ہوگا۔دل چسپی رکھنے والے حضرات ذیل میں دیے گئے لنک پر اپنے کوائف جمع کرا سکتے ہیں:
’’تاریخ کے ملبے پر کھڑی امت‘‘
محمد حسن الیاس صاحب کا یہ مضمون ایک فکری و تہذیبی تجزیہ ہے، جو امتِ مسلمہ کی موجودہ صورتِ حال، ماضی کی عظمت اور حالیہ زوال پر روشنی ڈالتا ہے۔ مضمون میں بتایا گیا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم ہونے والا عالمی نظام انسانی حقوق اور انصاف کے نعروں کے باوجود طاقت، مفاد اور غلبے کا شکار ہو گیا۔ ایسے میں امت مسلمہ کو جو وقتی سیاسی آزادی اور نئی ریاستیں عطا ہوئیں، وہ ایک خدائی مہلت تھی، نہ کہ ہماری حکمت یا بصیرت کا نتیجہ۔ بدقسمتی سے، ہم نے اس موقع کو خودفریبی، جذباتی قیادت اور فرقہ دارانہ کشمکش میں گنوا دیا۔یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے جولائی 2025ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری ’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز کے زیر عنوان جولائی 2025ء میں منعقد ہونے والی نشستوں میں ’’خلافت اور ملوکیت سے متعلق پیشین گوئیاں ‘‘، ’’خلافت علیٰ منہاج النبوہ کی خصوصیات ‘‘ اور ’’ارباب اقتدار کے ساتھ معاملے کے شرعی اصول‘‘ جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
سہ ماہی ’’صالحات‘‘ کا نیا شمارہ
خواتین کے لیے علمی ، ادبی اور معلوماتی جریدے ’’صالحات ‘‘ کا نیا شمارہ شائع ہو چکا ہے ۔ اس کا پی ڈی ایف اور آڈیو ایڈیشن آن لائن دستیاب ہے۔ اس شمارے میں بیوی کو جسمانی سزا کے بارے میں قرآنی آیات کا فہم اور اوہام کے بارے میں حدیث کا درست فہم کے مضامین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حالیہ عالمی حالات پر ’’ قصۂ مختصر‘‘ کے نام سے اداریہ ، غامدی صاحب کا مضمون ’’ازواج مطہرات‘‘ ، حسن الیاس صاحب کے مضامین ’’استاد کبھی نہیں ڈانٹتا‘‘ اور ’’دروازہ جو اندر کھلتا ہے‘‘ ، نعیم احمد بلوچ صاحب کا افسانہ ’’مردانگی‘‘ ، کلثوم ثاقب صاحبہ کا مضمون ’’ایمان بالغیب‘‘ ، بینش کھرل صاحبہ کا معلوماتی مضمون ’’ہماری صحت ، ہماری ذمہ داری‘‘، اس کے علاوہ محترمہ نسرین خان کا کتاب پر تبصرہ اور ڈرامہ ’’اڑان‘‘ کا تعارف اور قارئین و سامعین کے خطوط اور تبصرے شامل ہیں۔ اس سہ ماہی جریدے کے مدیر نعیم بلوچ صاحب اور نائب مدیر وجیہہ حسان واحدی ہیں ، جب کہ نگران محمد حسن الیاس صاحب ہیں ۔
’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘
معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ پر محمد حسن الیاس صاحب کے پروگرام ’’Ask Hassan Ilyas‘‘ کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ سوال و جواب پر مبنی پروگرام ہے، جس میں حسن الیاس صاحب حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے علمی و فکری اور دینی سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ جولائی 2025ء میں اس پروگرام میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوال یہ ہیں: ’’کیا نبوت سے پہلے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی بتوں کی پوجا کرتے تھے؟ ‘‘، ’’دین کے معاملے میں عقل کا استعمال کیسا ہے؟‘‘، ’’مہدی کا مصداق سیدنا امیر معاویہ کیسے ہیں؟ ‘‘ اور ’’کیا غامدی صاحب نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کائنات مخلوق ہے؟ ‘‘اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن خانقاہ کی گذشتہ ماہ منعقد ہونے والی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’خیر اور حق میں سے کس کو ترجیح دی جائے گی؟ ‘‘، ’’بات چیت میں پہل نہ کر پانا ‘‘، ’’زندگی سوال اٹھاتی ہے ‘‘ اور ’’اگر زندگی میں چوائس نہ ہو تو کیا کریں؟‘‘۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘
جولائی 2025ء میں شہزاد سلیم صاحب نے ”اسلام اسٹڈی سرکل“ پروگرام میں قرآن مجید، حدیث اور بائیبل کے جن موضوعات پر بات کی، ان کے عنوانات بالترتیب یہ ہیں: ’’روحانی ترقی‘‘، ’’ظاہری صورت ‘‘ اور ’’والدین کے حقوق‘‘۔ مزید برآں، نشست کے آخر میں ’’مشاغل‘‘ کے موضوع پر گفتگوکی گئی اور زیر بحث آنے والے موضوعات سے متعلق پوچھے جانے والے سوالوں کے جواب دیے گئے۔ یہ سیشن انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
’’مولانا اصلاحی کی جماعت اسلامی سے علیحدگی ‘‘
نعیم احمد بلوچ صاحب نے ’’حیات امین‘‘ کی گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں مولانا امین احسن اصلاحی کی جماعت اسلامی سے علیحدگی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مولانا امین احسن اصلاحی نے مولانا مودودی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے آمرانہ رجحانات اور سیاسی حکمت عملیوں سے اختلاف کرتے ہوئے جماعت سے علیحدگی اختیار کر لی۔ وہ جماعت کے ابتدائی نظریاتی ستونوں، شورائی نظام اور دعوتی جدوجہد کے قائل تھے، لیکن قیادت میں شخصیت پرستی اور سیاسی مقاصد کو جماعت کے نظریے پر ترجیح دیے جانے پر شدید نالاں تھے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے جولائی 2025ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
’’ایمان و عقائد‘‘
شہزاد سلیم صاحب ’’میزان لیکچرز سیریز‘‘ کے تحت غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ انھوں نے اس سیریز کے تحت ’’ایمان و عقائد‘‘کے موضوع پر انگریزی زبان میں دو لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان لیکچرز کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ دنیا نیوز چینل پاکستان کا ایک معروف پروگرام ہے، جو کئی برس سے نشر ہو رہا ہے۔ یہ ڈیلس میں ریکارڈ ہوتا ہے اور ہفتہ وار نشر ہوتا ہے۔ میزبانی کے فرائض غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب انجام دیتے ہیں۔ جولائی 2025ء میں ’’امتِ مسلمہ کے عروج و زوال کی تاریخ‘‘ کے عنوان سے 4 پروگرام ریکارڈ کیے گئے اور دنیا نیوز سے نشر ہوئے۔ مزید برآں، دس محرم کی مناسبت سے’’اسلام کا تصور شہادت‘‘ کے عنوان سے بھی ایک پروگرام نشر کیا گیا۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن
شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 30 سے زائد سیشنز ہوئے۔ان سیشنز میں لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔
23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ
شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’اسلام اور ریاست‘‘کے دوسرے حصے کا خلاصہ بیان کیا۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ‘‘ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance) اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت متعدد فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔
Ask Dr. Shehzad Saleem
شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں وہ لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
شہزاد سلیم صاحب غامدی صاحب کی تفسیر ”البیان“ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں تاکہ انگریزی جاننے والے حضرات بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔ جولائی 2025ء میں انھوں نے سورۂ انعام کی آیات 1 تا 55 کا انگریزی زبان میں درس دیا۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔