غامدی صاحب کا آج کل موقف یہ ہے کہ جو خود کو مسلمان کہتا ہے، ہم اسے غیر مسلم بھی نہیں کہہ سکتے، خواہ وہ ختمِ نبوت کا منکر ہو، اور اس کے پیچھے نماز پڑھنے میں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ کسی زمانے میں وہ ایسے لوگوں کو ”کافر“ کہنے کے قائل تھے؛ بعد میں وہ اس کے قائل ہوئے کہ انھیں ”کافر“ نہیں کہہ سکتے لیکن ”غیرمسلم“ کہہ سکتے ہیں؛ پھر انھوں نے یہ راے قائم کی کہ جو خود کو مسلمان کہتا ہے، ہم اسے غیر مسلم بھی نہیں کہہ سکتے، خواہ ہمارے نزدیک اس کے عقائد کتنے ہی غلط ہوں۔
یہ محض فکری ارتقا (یا معکوس ارتقا) کا مسئلہ نہیں ہے؛ بلکہ ان کے تینوں موقف دراصل وقت کی غالب سیاسی قوت کے آگے سجدہ ریزی سے وجود میں آئے ہیں۔ ”دائمی شکست خوردگی“ ان کے منہج کا رکنِ رکین ہے۔ تفصیل کےلیے ذیل میں میری کتاب ”فکرِ غامدی: ایک تنقیدی جائزہ“ (اسلام آباد: روایت پبلی کیشنز، 2024ء) سے چند اقتباسات ملاحظہ کیجیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
’کافر‘ اور ’غیر مسلم‘ کے فرق کا مسئلہ ہی لے لیجیے۔ جنرل محمد ضیاء الحق کے دور کی درج ذیل تحریر میں غامدی صاحب اتمامِ حجت کے تصور کو ماننے کے باوجود بلاغت کا پورا زور لگا کر یہ بتاتے ہیں کہ جن غیر مسلموں تک رسول اللہ ﷺ کی دعوت پہنچی اور انھوں نے اسلام قبول نہیں کیا، ان کا ٹھکانہ جہنم ہے:
”ہر وہ غیر مسلم جسے نبی ﷺ کی دعوت پہنچی اور اس نے اس سے بے پروائی کی یا جان بوجھ کر اسے رد کردیا، اس نے یقیناً کفر کیا اور کفر کی سزا، قرآن مجید کی رو سے، جہنم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل جیسی نعمت اس لیے عطا نہیں فرمائی کہ وہ دنیوی معاملات میں تو اس سے پوری طرح کام لے اور خود اس کی ہدایت کے معاملے میں اسے معطل کردے۔کسی شخص کو اگر یہ بتایا جاتا ہے کہ عرب کے ایک امی ﷺ نے دعوی کیا تھا کہ وہ اس عالم کے پروردگار کی طرف سے پیغامِ ہدایت لے کر آیا ہے اور یہ پیغامِ ہدایت آج بھی قرآن مجید کی صورت میں ا س زمین پر موجود ہے، تو عقل کا تقاضایہی ہے کہ وہ سب کام چھوڑ کر اس پر غور کرے۔ یہ کوئی معمولی خبر نہیں ہے کہ اس نےسنا اور نظر انداز کردیا۔ یہ اس زمین پر انسان کےلیے سب سے بڑی خبر ہے۔اسے چاہیے کہ وہ اس خبر کو پوری توجہ کے ساتھ سنے اور پوری دیانت داری کے ساتھ اس کے بارے میں ردّ و قبول کا فیصلہ کرے۔ وہ اگر اس خبر سے بے پروائی برتتا ہے تو اس کے معنی یہی ہیں کہ وہ درحقیقت عالم کے پادشاہ سے بے پروائی برت رہا ہے۔ اس کے بعد اسے یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ قیامت کے دن اس پادشاہ کو اس کی کچھ بھی پروا ہوگی۔ وہ اگر اس دن کمال بے نیازی کے ساتھ اسے جہنم میں ڈالنے کا حکم دے گا، تو اس پر وہ یقیناً شکایت کا حق نہیں رکھتا۔ یہ جرم اتنا بڑا ہے کہ اس کی سزا جہنم ہی ہونی چاہیے۔ عقل کا قطعی فیصلہ یہی ہے اور کوئی انصاف پسند آدمی اسے ماننے سے انکار نہیں کرسکتا۔“
اگلے مرحلے میں جب ریاستی پالیسی تبدیل ہوگئی اور جنرل پرویز مشرف کی ’روشن خیال اعتدال پسندی‘ کا دور آگیا، تو غامدی صاحب اس کے قائل ہوگئے کہ کسی کو غیر مسلم تو قرار دیا جاسکتا ہے، لیکن کافر نہیں، کیونکہ کافر صرف انھی کو کہا جاسکتا ہے جن پر رسول نے خود اتمامِ حجت کیا ہو:
”اسلامی شریعت کے مطابق کسی شخص کو کافر قرار نہیں دیا جاسکتا، حتی کہ کوئی اسلامی ریاست بھی کسی کی تکفیر کا حق نہیں رکھتی۔ وہ زیادہ سے زیادہ یہ کرسکتی ہے کہ اسلام سے واضح انحراف کی صورت میں کسی شخص یا گروہ کو غیر مسلم قرار دے۔“
اس کے بعد جب نائن الیون ہوا اور ریاست اپنے مذہبی بیانیے سے یکسر منحرف ہوگئی، تو غامدی صاحب نے یہ موقف اختیار کیاکہ ریاست کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور یہ کہ جو شخص خود کو مسلمان کہتا ہو، اسے غیرمسلم بھی نہیں قرار دیا جاسکتا، خواہ اس کے عقائد قطعی طور پر اسلام کے مسلّمہ عقائد سے کے منافی ہوں:
”اِن کے حاملین چونکہ قرآن و حدیث ہی سے استدلال کر رہے ہوتے ہیں، اِس لیے اُنھیں غیرمسلم یا کافر قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اِن نظریات و عقائد کے بارے میں خدا کا فیصلہ کیا ہے؟ اِس کے لیے قیامت کا انتظار کرنا چاہیے۔ دنیا میں اِن کے حاملین اپنے اقرار کے مطابق مسلمان ہیں، مسلمان سمجھے جائیں گے اور اُن کے ساتھ تمام معاملات اُسی طریقے سے ہو ں گے، جس طرح مسلمانوں کی جماعت کے ایک فرد کے ساتھ کیے جاتے ہیں۔ علما کا حق ہے کہ اُن کی غلطی اُن پر واضح کریں، اُنھیں صحیح بات کے قبول کرنے کی دعوت دیں، اُن کے نظریات و عقائد میں کوئی چیز شرک ہے تو اُسے شرک اور کفر ہے تو اُسے کفر کہیں اور لوگوں کو بھی اُس پر متنبہ کریں، مگر اُن کے متعلق یہ فیصلہ کہ وہ مسلمان نہیں رہے یا اُنھیں مسلمانوں کی جماعت سے الگ کر دینا چاہیے، اِس کا حق کسی کو بھی حاصل نہیں ہے۔ اِس لیے کہ یہ حق خدا ہی دے سکتا تھا اور قرآن و حدیث سے واقف ہر شخص جانتا ہے کہ اُس نے یہ حق کسی کو نہیں دیا ہے۔“
ان تینوں مرحلوں میں ان کا استدلال اتمام حجت کے نظریے سے ہی تھا اور تینوں مرحلوں میں وہ اپنی بات کو پوری قطعیت کے ساتھ (’ہر شخص جانتا ہے‘) دین کے واحد صحیح حکم کے طور پر پیش کرتے تھے۔ یہ بھی نہیں کہا جاسکتا کہ یہ غامدی صاحب کے فکری ارتقا کی منزلیں ہیں کیونکہ اس بات کی کوئی توجیہ نہیں کی جاسکتی کہ ان تینوں مرحلوں میں ہر مرحلے پر ان کے فکری ارتقا کا سفر عین اسی سمت میں کیوں ہوا جو سمت مقتدرہ نے اپنی پالیسی کےلیے چنی تھی؟